منگلا ڈیم سے ملحقہ علاقے میں زمین سرکنے سے ایک درجن سے زائد عالیشان مکانات زمین بوس ہو گئے، شہری خوف میں مبتلا

انداز کے مطابق اب تک ایک ارب روپے سے زائد مالیت کے مکانات تباہ ہو چکے ہیں، گاں کی سڑک کی فوری تعمیر کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، کمشنر

اتوار 5 اکتوبر 2025 18:00

منگلا ڈیم سے ملحقہ علاقے میں زمین سرکنے سے ایک درجن سے زائد عالیشان ..
میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)منگلا ڈیم سے ملحقہ علاقے میں زمین سرکنے سے ایک درجن سے زائد عالیشان مکانات زمین بوس ہو گئے۔میڈیارپورٹ کیمطابق میرپور آزاد کشمیر منگلا ڈیم سے ملحقہ علاقے پوٹھہ بینسی میں زمین سرکنے سے ایک درجن سے زائد ایک ارب مالیت کے عالی شان مکانات زمین بوس ہو گئے ہیں جس کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا ۔

مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث مکانات زمین بوس ہوئے۔میرپور شہر سے 10 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع اوورسیز کشمیریوں کا گاں پوٹھہ بینسی میں زمین سرکنے سے 16 بڑے مکانات زمین بوس ہوئے ہیں، ملحقہ ابادی کے کئی ایک گھروں میں بھی دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں، جب کہ گاں کی واحد میں سڑک بھی زمین بوس دھنس چکی ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر میرپور ڈویژن چوھدری مختار حسین نے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات منگلا ڈیم سے ملحقہ گاں کی زمین سرکنے کے باعث مکانات زمین بوس ہونے کا سلسلہ شروع ہوا۔انھوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق اب تک ایک ارب روپے سے زائد مالیت کے مکانات تباہ ہو چکے ہیں، گاں کی سڑک کی فوری تعمیر کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ متاثرہ گھروں کے مکینوں کی اکثریت برطانیہ میں آباد ہے، مقامی متاثرہ آبادی کے دیگر افراد اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔