ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد کی زیر صدارت ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس منعقد

منگل 19 اگست 2025 14:11

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد عمر طفیل کی صدارت میں آمدہ ربیع الاول کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ایبٹ آباد پولیس کے مطابق اجلاس میں ایس پی حویلیاں محمد اشتیاق، حویلیاں میلاد کمیٹی کے صدر ابرار حسین شاہ، قاری یاسر تنولی، طارق خان جدون، عابد حسین شاہ، چیئرمین ڈی آر سی سلیم خان جدون، اے ڈی سی ، ڈی ایس پی حویلیاں اور ایس ایچ او حویلیاں نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام شرکاء نے باہمی اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ ربیع الاول کے جلوس اپنے پرانے اور روایتی راستوں سے ہی گزریں گے۔ اس موقع پر میلاد کمیٹی اور معززین علاقہ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ امن و امان کے قیام اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جملہ فریقین نے اس بات پر اتفاق کا کیا کہ ربیع الاول کے بعد چار ماہ کے عرصہ میں ایک خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لاتے ہوئے روٹ کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔

ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے ذریعے شہر میں پرامن فضاء کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا اور تمام مکاتب فکر کے تعاون سے ربیع الاول کے جلوس پرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد ہوں گے۔