تحریک انصاف کے 24 نومبر کے پر تشدد احتجاج کے مقدمہ میں نامزد 4 مزید ملزمان کو اعتراف جرم پر چار ، چار ماہ قید کی سزا

منگل 19 اگست 2025 18:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے 24 نومبر کے پر تشدد احتجاج کے مقدمہ میں نامزد 4 مزید ملزمان کو اعتراف جرم پر 4/4 ماہ قید کی سزا سنادی ہے ملزمان کی یہ سزا ان کے عرصہ حوالات میں شمار ہوگی سزا پانے والے چاروں ملزمان تھانہ انجرا اٹک کے مقدمہ میں نامزد تھے اس طرح اقبال جرم کے تحت سزا پانے والے ملزمان کی تعداد 113 ہوگئی ہے گزشتہ روز تھانہ انجرا کے مقدمہ کی سماعت کے موقع پر عامر خان، سردار خان، خان محمد اور جاوید اقبال خان پر مشتمل چاروں ملزمان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے جبکہ سپیشل پراسیکیوٹر بھی عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر چاروں ملزمان نے عدالت کے روبرو اپنے جرم کا اعتراف کرلیا اور اپنے اوپر عائد الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کی قیادت کے اکسانے پر وہ پر تشدد احتجاج میں شامل ہوئے ملزمان نے عدالت میں جمع کرائے گئے اقبالی بیان میں بتایا کہ انہیں نہ تو دفعہ 144 کے نفاذ کا علم تھا اور نہ اس بات کا اندازہ تھا کہ یہ کس نوعیت کا احتجاج ہے وہ قیادت کے اکسانے پر اس توڑ پھوڑ میں شامل ہوئے بیان میں کہا گیا کہ انہیں اپنے کئے پر پچھتاوا ہے اور یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ کسی بھی ایسے احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے ملزمان کا موقف تھا کہ چونکہ وہ پیشے کے اعتبار سے محنت مزدوری کرتے ہیں اور اپنے خاندانوں کے کفیل ہیں لہٰذا عدالت ان کے ساتھ رحم کا معاملہ کرتے ہوئے ان کی سزاؤں میں نرمی کرے اقبال جرم کے بعد عدالت نے چاروں ملزمان کو 4/4 ماہ قید کی سزا سنا دی ملزمان کے خلاف ضلع اٹک کے تھانہ انجرا میں 24 نومبر 2024 کے احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اقبال جرم کے تحت عدالت سے اب تک مجموعی طور پر 113ملزمان سزا پا چکے ہیں جن کے پاس سزا کے خلاف اپیل کے لئے 15 یوم کا وقت تھا تاہم کسی بھی سزا یافتہ ملزم نے سزا کے خلاف اپیل دائر نہیں کی۔