Live Updates

دھان کی فصل کی بہتر پیداوار کے لئے محکمہ زراعت کے مشوروں پر عمل کریں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت پسرور ڈاکٹر سجاد حیدر

بدھ 20 اگست 2025 17:27

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع پسرور ڈاکٹر سجاد حیدر نے کہا ہے کہ اگست اور ستمبر دھان (چاول) کی فصل کے لئے نہایت اہم مہینے ہوتے ہیں کیونکہ اس وقت پودے بڑھوتری اور بالیاں نکلنے کے مرحلے میں ہوتے ہیں، اس دوران کسانوں کو محکمہ زراعت کے دیئے گئے مشوروں پر عمل کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دھان کی فصل کی بہتر پیداوار کے لئے یوریا کھاد کی دوسری یا تیسری قسط حسب ضرورت ڈالیں تاکہ پودے مضبوط ہوں، اسکے ساتھ اگر دھان میں زنک کی کمی نظر آئے تو فوری سپرے کریں، کھیت میں پانی کی 2 سے 3 انچ سطح ہر وقت موجود رکھیں، بارش زیادہ ہو تو نکاسی کا خاص خیال رکھیں تاکہ فصل نہ گرے، کھیت سے جڑی بوٹیاں صاف کریں کیونکہ یہ پیداوار کو کم کرتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیڑوں اور بیماریوں پر قابو پانے ، تنے کی سنڈی، پتا مروڑ اور بھوری دھبے کی بیماری کا خاص خیال رکھیں، ضرورت پڑنے پر زرعی ماہر کی ہدایت کے مطابق سپرے کریں، ستمبر میں دھان کی فصل پر بالیاں نکلنے اور دانہ بننے کے دوران پانی کی کمی ہرگز نہ ہونے دیں، اگر بارش نہ ہو تو باقاعدگی سے پانی لگائیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :