اورنگزیب خان کھچی نے لوک ورثہ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

جمعرات 28 اگست 2025 16:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھچی نے جمعرات کو لوک ورثہ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔وفاقی وزیر کے ہمراہ پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت محترمہ فرح ناز اکبر، رکن قومی اسمبلی نزہت صادق اور سیکرٹری آئی پی سی محی الدین احمد وانی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر لوک ورثہ کے فنکاروں و ملازمین نے بھی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا اور احاطہ لوک ورثہ میں پودے لگائے۔

(جاری ہے)

تقریب میں طالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے سرگرم انداز میں شجرکاری میں حصہ لیا۔وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے ماحول محفوظ بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ثقافت اور ورثہ کے ادارے صرف روایات کے محافظ ہی نہیں بلکہ ماحولیاتی ذمہ داری کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے طالبات اور ملازمین کی شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم سب مل کر نہ صرف اپنے ثقافتی ورثے کی حفاظت کریں گے بلکہ ماحولیاتی پائیداری کو بھی یقینی بنائیں گے۔