بہاول پور، آن لائن گیمنگ کے بڑھتے رجحان کے ساتھ سائبر مجرموں کی سرگرمیاں بھی بڑھ گئی

جمعرات 28 اگست 2025 23:00

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) آن لائن گیمنگ کے بڑھتے رجحان کے ساتھ سائبر مجرموں کی سرگرمیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔ حالیہ دنوں میں سامنے آنے والے جعلی گیمبلنگ ایپس اسکینڈل نے یہ واضح کر دیا ہے کہ یہ ایپس صارفین کے مالی وسائل لوٹنے اور ان کا ذاتی ڈیٹا چرانے کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال ہو رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار سائبر سکیورٹی ایکسپرٹ محمد اسد الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گیمنگ کے دوران مجرم مختلف چیٹ گروپس اور جعلی لنکس کے ذریعے صارفین کو جوا کھیلنے یا انعام جیتنے کا لالچ دیتے ہیں۔ ان ایپس پر رجسٹریشن کے بعد پہلے صرف موبائل نمبر یا ای میل مانگا جاتا ہے لیکن بعد میں صارفین سے بینک اکاؤنٹس اور اے ٹی ایم کارڈ کی تفصیلات طلب کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

جیسے ہی یہ تفصیلات درج کی جاتی ہیں ہیکرز ان کے اکاؤنٹس خالی کر لیتے ہیں۔

سائبر سکیورٹی ایکسپرٹ محمد اسد الرحمن نے کہا کہ آن لائن گیمنگ میں کئی خطرناک پہلو چھپے ہوتے ہیں۔ کچھ گیمز کے چًیٹ آپشن کے ذریعے اجنبی افراد بچوں کو جوا کھیلنے یا اپنی ذاتی معلومات فراہم کرنے پر آمادہ کرتے ہیں۔ بعض جعلی ایپس بیک گراؤنڈ میں صارفین کا ڈیٹا چرا کر بلیک مارکیٹ میں فروخت کر دیتی ہیں، جس سے پرائیویسی اور سکیورٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ کچھ ایپس میں ان-ایپ پرچیزز کا جال بھی بچھایا جاتا ہے جس میں بچے والدین کے اکاؤنٹس سے بڑی رقم خرچ کر دیتے ہیں۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی گیمنگ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں ان کے موبائلز پر پیرنٹل کنٹرولز لگائیں اور یہ یقینی بنائیں کہ وہ صرف معتبر اور مستند پلیٹ فارمز سے ایپس ڈاؤن لوڈ کریں۔ عوام کو بھی چاہیے کہ کسی غیر مصدقہ لنک یا ایپ پر اعتماد نہ کریں اور اپنی بینکنگ تفصیلات کبھی بھی مشکوک پلیٹ فارمز پر درج نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :