محکمہ پاپولیشن ویلفیئر گھوٹکی کی جانب سے گھوٹکی کے نواحی گائوں ابراہیم چاچڑ میں ایک روزہ صحت میلہ کا انعقاد

جمعہ 29 اگست 2025 22:15

پور ماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)محکمہ پاپولیشن ویلفیئر گھوٹکی کی جانب سے گھوٹکی کے نواحی گائوں ابراہیم چاچڑ میں ایک روزہ صحت میلہ کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح محکمہ بہبود آبادی کے ڈسٹرکٹ آفیسر اصغر علی سولنگی اور یوسی کچو بانڈ کے چیئرمین رفیق احمد چاچڑ نے کیا۔ صحت میلے میں ابراہیم چاچڑ، کچو بانڈی، چھٹو میرانی، پنجو باغ اور دیگر دیہاتوں سمیت مختلف دیہاتوں سے خواتین، مردوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حوا فانڈیشن، سوشل ویلفیئر چائلڈ پروڈکشن ہیلتھ یونٹ، گھوٹکی کی جانب سے بھی سٹالز لگائے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی نوید احمد کھوکر، مختیار کار شاہد حسین دایو نے بھی دورہ کیا۔ ہیلتھ میلے سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر اصغر علی سولنگی نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی گھوٹکی ضلع کی مختلف یونین کونسلوں کے مختلف دیہاتوں میں صحت میلوں کا انعقاد کر رہا ہے جس کا مقصد مکینوں کو خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہی دینا اور خاندانی منصوبہ بندی میں استعمال ہونے والے طریقوں سے آگاہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ماں اور بچوں کی صحت کے حوالے سے ایک بچے سے دوسرے بچے تک کم از کم تین سال کا وقفہ لازمی قرار دیا جائے۔ اس سے ماں اور بچے کی صحت بہتر ہوگی اور بچے کی نشوونما میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی رفیق احمد چاچڑ نے فیملی پلاننگ میں استعمال ہونے والے طریقوں کے لگائے گئے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔ ہیلتھ میلے میں فیملی ویلفیئر ورکرز اور محکمہ آبادی کے فیملی ویلفیئر کونسلرز نے آنے والی خواتین اور بچوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔

صحت میلے سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی یوسی چیئرمین رفیق احمد چاچڑ نے کہا کہ وہ محکمہ بہبود آبادی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہیلتھ میلے کا انعقاد کیا اور شہر کے لوگوں کو فیملی پلاننگ میں استعمال ہونے والے طریقے بشمول مفت ادویات فراہم کیں۔ میلے میں پانچ سے زائد خواتین کو بانہوں میں وقفہ کے کیپسول دیئے گئے۔ 42 خواتین کو خاندانی منصوبہ بندی کے طریقے فراہم کیے گئے۔ اس کے علاوہ 382 سے زائد خواتین اور بچوں کا چیک اپ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات دی گئیں۔ صحت میلے میں ادویات فراہم کی گئیں، تقریب سے عمران چاچڑ، سعد اللہ پھلپوٹو، گل حسن مہر، طفیل لغاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :