حکومت کا پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ، ڈیزل مہنگا کر دیا

ماہ ستمبر کے بقیہ 15 ایام کیلئے پٹرول کے موجودہ نرخ برقرار رہیں گے، ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 78 پیسے اضافہ کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 16 ستمبر 2025 00:13

حکومت کا پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ، ڈیزل مہنگا کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر2025ء) حکومت کا پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ، ڈیزل مہنگا کر دیا، ماہ ستمبر کے بقیہ 15 ایام کیلئے پٹرول کے موجودہ نرخ برقرار رہیں گے، ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 78 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ماہ ستمبر کے بقیہ 15 ایام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کر دیا ہے۔

وفاقی حکومت نے پٹرول کی موجودہ قیمت کو آئندہ 15 روز کیلئے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، تاہم ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 78 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 269.99 روپے سے بڑھ کر 272 روپے 77 پیسے ہو گئی۔ جبکہ پٹرول کی قیمت 264.61 روپے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رہے گی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 16 ستمبر سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

انڈسٹری کی 15روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں بڑھانے کی تجویز سامنے آئی،پیٹرول کی قیمت میں 1.54 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 79 پیسے فی لیٹرمہنگا کرنے کی تجویز سامنے آئی ۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق 15 روز کیلئے مٹی کا تیل 3 روپے 6 پیسے مہنگا ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی۔

تجاویز کے ورکنگ پیپرمیں حکومتی ٹیکسز اورایکسچینج لاسز شامل نہیں کی گئیں،اوگرا نے نئی قیمتوں کے تعین کی سمری 15 ستمبر کوحکومت کو بھجوائی۔ جس کے بعد اب وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :