ڈکی بھائی کے بعد این سی سی آئی اے نے چار یوٹیوبرز ،سوشل میڈیا انفلوئنسز کو بھی طلب کرلیا

ہفتہ 30 اگست 2025 13:05

ڈکی بھائی کے بعد این سی سی آئی اے نے چار یوٹیوبرز ،سوشل میڈیا انفلوئنسز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ و جوا ء ایپس کی تشہیر کے الزام میں نیشنل کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے چاریوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو نوٹس جاری کر دیا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ غیر ریگولیٹڈ آن لائن ٹریڈنگ اور جوئے کی ایپلیکیشنز کے ذریعے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث ہیں۔ترجمان کے مطابق ان افراد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی ایپس کو فروغ دیا جو ریگولیٹری منظوری کے بغیر چل رہی تھیں اور صارفین خصوصاً نوجوانوں کو سرمایہ کاری پر اکسانے کے ذریعے دھوکہ دیا۔

(جاری ہے)

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمان نے اپنے پلیٹ فارمز پر ان غیر لائسنس یافتہ ایپس کے ذریعے زیادہ منافع کے جھوٹے دعوے کیے جس کے باعث عوام اپنی محنت کی کمائی سے محروم ہو گئے۔جاری تحقیقات میں جن افراد کو طلب کیا گیا ہے ان میں محمد انس علی، اقرا ء کنول، محمد حسین شاہ اور مدثر حسن شامل ہیں۔این سی سی آئی اے نے NCCIA نے چاروں افراد کو2 ستمبر 2025 کو لاہور دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی تاکہ وہ اپنا موقف پیش کر سکیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر ملزمان پیش نہ ہوئے تو اسے ان کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہ ہونے کے مترادف سمجھا جائے گا۔