شاہ رخ خان کا عامراورسلمان خان کیساتھ ممکنہ منصوبے کا اشارہ

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 11:54

شاہ رخ خان کا عامراورسلمان خان کیساتھ ممکنہ منصوبے کا اشارہ
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان کی جانب سے دبنگ ہیرو سلمان خان اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ ممکنہ منصوبے کی جانب اشارہ کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان کے ساتھ ایک فلم میں جلوہ گر ہونے کی دعائیں کرنے لگ گئے۔تینوں خانز نے کئی سال بعد پہلی بار سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے ایک ایونٹ میں ایک ساتھ اسٹیج شیئر کیا۔

تینوں خانز کو ایک ہی ایونٹ میں دیکھ کر ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ صارفین سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرنے لگ گئے۔پینل کے دوران جب شاہ رخ سے تینوں خانز کے ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر وہ تینوں ایک پروجیکٹ میں ہوں تو وہ خود ایک خواب ہوگا۔

(جاری ہے)

شاہ رخ خان کے جواب نے وہاں موجود لوگوں کے دل جیت لیے اور انہوں نے تالیاں بجا کر انہیں داد دی جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے بیان نے ہلچل مچا دی۔شاہ رخ خان کے جواب کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین تینوں خانز کے ایک ساتھ منصوبے کے لیے دعائیں بھی کرنے لگے۔پینل کے دوران ایک موقع پر سلمان خان نے شاہ رخ خان کے غیر فلمی پس منظر سے تعلق رکھنے کے باوجود شاندار کامیابی حاصل کرنے کی تعریف کی۔

سلمان خان نے کہا کہ عامر خان اور وہ دونوں فلمی خاندان یا پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ شاہ رخ خان کا فلمی خاندان سے کوئی تعلق نہیں تھا، وہ کیریئر بنانے دہلی سے آیا تھا۔سلمان خان کی بات پر شاہ رخ نے فورا دل چھو لینے والا جواب دینے کے لیے دبنگ ہیرو کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ وہ بھی فلمی خاندان سے ہیں، سلمان خان اورعامر خان کا خاندان ان کا اپنا خاندان ہے، اسی لیے ہی وہ ایک اسٹار ہیں۔

شاہ رخ خان کے دل چھو لینے والے بیان ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔علاوہ ازیں ایونٹ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جن میں شاہ رخ، سلمان خان اور عامر خان ایک ساتھ ہنستے اور باتیں کرتے نظر آئے۔مداحوں نے تینوں خانز کی ایک ایونٹ میں شرکت کو زندگی میں ایک بار ملنے والا لمحہ قرار دیا۔