جعلی اے آئی ویڈیوز کا معاملہ، ابھیشیک اور ایشوریا کے بعد اکشے کمار بھی عدالت پہنچ گئے

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:38

جعلی اے آئی ویڈیوز کا معاملہ، ابھیشیک اور ایشوریا کے بعد اکشے کمار ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) بالی ووڈ کے مشہور اداکار اکشے کمار نے اپنی شخصیت، آواز اور تصویر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف ممبئی ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ اے آئی جنریٹڈ ڈیپ فیک مواد کی بڑھتی ہوئے غلط استعمال کے تناظر میں دائر کیا گیا ہے، جو نہ صرف اداکار کی شہرت کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی سنگین نتائج کا باعث بنتا ہے۔

اکشے کے وکیل سینئر ایڈووکیٹ بیرندرا سراف نے بتایا کہ ایسے مواد سوشل میڈیا پر اتنی تیزی سے بڑھ رہے ہیں کہ ہر مواد کو فوری طور پر ٹریک کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقصان ہونے سے پہلے وضاحت جاری کرنا مشکل ہوتا ہے، جو عوام کے لیے بھی خطرناک ہے کیونکہ جو لوگ یہ غیر قانونی مواد بنا رہے ہیں وہ اداکاروں کے نام پر کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وکیل نے مخصوص واقعات کا حوالہ دیا، جن میں مارچ 2025 میں ایک جعلی فلم ٹریلر شامل ہے جس میں اکشے کو اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔ یہ ٹریلر ہٹائے جانے سے قبل 20 لاکھ سے زائد ویوز حاصل کر چکا تھا۔ایک اور ویڈیو میں اکشے کو مہارشی والمیکی سے متعلق متنازع بیانات کرتے دکھایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں احتجاج شروع ہو گئے جبکہ وہ ایک ڈیپ فیک ویڈیو تھی۔

اے آئی پلیٹ فارمز پر اے آئی اکشے کمار وی ٹو وائسجیسے ٹولز دستیاب ہیں جو کسی بھی ٹیکسٹ سے اداکار کی اصلی آواز میں تقریر تیار کر سکتے ہیں۔مقدمہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، ویب سائٹس اور نامعلوم افراد کے خلاف عائد کیا گیا ہے تاکہ اکشے کمار کا نام تصویر، آواز اور اسٹائل کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن، امیتابھ بچن، ہرتیک روشن، کرن جوہر، آشا بھوسلے، سنیل شیٹی اور دیگر شخصیات نے بھی ڈیپ فیک مواد کے خلاف عدالتی تحفظ حاصل کر لیا ہے۔