باغبان گروپ کے وفد کاپوسٹ ہارویسٹ سینٹر کادورہ،لیبارٹریز میں پھلوں اور سبزیوں کی ویلیو ایڈیشن کی تیاری سے متعلق معلومات حاصل کیں

پیر 1 ستمبر 2025 23:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) باغبان تنظیم کے سی او ملک محمد اسلم میکن، فتیانہ سیڈ کمپنی کے مارکیٹنگ منیجر میاں اویس احمد اور راجہ جامن فارم کے ترقی پسند باغبان راجہ نعیم کیانی کی قیادت میں وفد نے باغبان گروپ کے شرکاکی تربیت کے آخری روز پوسٹ ہارویسٹ سینٹر کا دورہ کیا اور لیبارٹریز میں پھلوں اور سبزیوں کی ویلیو ایڈیشن کی تیاری سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

چیف سائنٹسٹ پوسٹ ہارویسٹ ریسرچ سنٹر ڈاکٹر ابرار احمد، سینئر سائنٹسٹ ڈاکٹر حمیرا کوثر سمیت دیگر زرعی سائنسدانوں نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ فوڈ ٹیکنالوجی کی لیبارٹریز میں میٹرک پاس طلبہ کو آم اور ترشاوہ پھلوں کے علاوہ جامن، امرود، فالسہ، آڑو، کھجور، سٹرابیری اور پپیتا کی ویلیو ایڈیشن پراڈکٹس کی تیاری سے متعلق عملی تربیت دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے پھلوں اور سبزیوں کی ویلیو ایڈیشن مصنوعات کے سٹال کا معائنہ بھی کیا اور بہترین کوالٹی کی حامل اشیاکی تیاری پر ادارہ کے زرعی سائنسدانوں کی کوششوں کی تعریف کی۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اسسٹنٹ پروفیسر فوڈٹیکنالوجی ڈاکٹر احمد دین نے کہا کہ وہ زرعی سائنسدانوں کے تجربات سے استفادہ کرکے پھلوں کی معیاری پیداوار کے حصول کو یقینی بنائیں اور پھلوں کی معیاری پیداوار کےساتھ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی ایکسپورٹ سے قیمتی زرمبادلہ کمائیں۔

راجہ نعیم کیانی نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر ساجد الرحمن، ملک محسن عباس، سینئر سائنٹسٹ معاذ عزیز و دیگر زرعی سائنسدانوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ باغبان گروپ کے شرکا کے تربیتی پروگرام کے اختتام پر زرعی سائنسدانوں اور ٹریننگ پروگرام کے منتظمین کو شیلڈز اور شرکا کو سرٹیفکیٹ پیش کئے گئے۔