گوادر پورٹ اتھارٹی کے عملے کیلئے ڈیٹا سائنس اینڈ اے آئی تربیتی سیشن کا افتتاح

پیر 1 ستمبر 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گوادر پورٹ اتھارٹی کے عملے کے لیے پندرہ روزہ ڈیٹا سائنس اینڈ اے آئی تربیتی سیشن کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب گوادر پورٹ اتھارٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں افسران اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نورالحق بلوچ نے کہا کہ دنیا اس وقت روایتی ڈگریوں سے زیادہ عملی مہارتوں (Skills) کی متقاضی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو صرف ڈگریوں پر انحصار کرنے کے بجائے جدید اسکلز خصوصاً مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیٹا سائنس، پاؤر BI اور آئی ٹی ٹولز سیکھنے چاہئیں تاکہ وہ بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین گوادر پورٹ نے کہا کہ اگر ہمارے نوجوان سکل ڈویلپمنٹ پر توجہ دیں تو وہ صرف مقامی ہی نہیں بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تربیتی سیشن سے گوادر پورٹ اتھارٹی کے عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔اس موقع پر ماہر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ڈیٹا سائنس، عبدالحفیظ بلوچ نے لیکچر دیا جس میں انہوں نے جدید آئی ٹی ٹولز، مصنوعی ذہانت، چیٹ جی پی ٹی، ڈیٹا سائنس اور دیگر ٹیکنالوجیز کے عملی استعمال پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکا کے سوالات کے جوابات دیئے اور انہیں عملی مثالوں کے ذریعے مختلف آئی ٹی ٹولز کے فوائد سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ میں پہلی مرتبہ کسی بڑے ادارے کے اسٹاف کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ مکران میں اس نوعیت کا یہ پہلا پروگرام ہے جو چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی سربراہی میں ممکن ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :