ربیع الاول کے موقع پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ڈی پی او

منگل 2 ستمبر 2025 17:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) سرگودھا میں ربیع الاول کے موقع پر ضلع بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف ، اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا شیریں گُل اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر صدر سرکل قیصرعباس کی زیرِ صدارت تھانہ بھاگٹانوالہ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، ممبران امن کمیٹی، مرکزی مساجد کے منتظمین سمیت تمام مکاتبِ فکر کے نمائندہ علماء کرام شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں بھائی چارے، برداشت اور امن کا درس دیتا ہے۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے علماء اکرام آپس میں تعاون جاری رکھیں۔

ڈی پی او نے کہا کہ اس موقع پر سرگودھا پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔ جلوس کے دوران کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع ضلعی کنٹرول رُوم یا ہیلپ لائن 15 پر دی جائے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی طرح کی شرپسندی سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :