آئی جی اسلام آباد کی مختلف ڈویژنز کے ساتھ اہم میٹنگز، جرائم کی شرح میں نمایاں کمی

شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، سید علی ناصر رضوی کی ہدایت

منگل 2 ستمبر 2025 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس کے تمام ڈویژنز کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کئے جن میں آپریشنز، ٹریفک، سکیورٹی، سیف سٹی، سی ٹی ڈی، ہیڈکوارٹر، اینٹی رائٹ، ڈولفن اور ایس پی یو کے افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر تمام افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ رواں سال شہر میں جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی لائی گئی ہے۔ جدید طرز پولیسنگ، سیف سٹی سسٹم، گشت اور چیکنگ کے مثر نظام کے ذریعے جرائم کی روک تھام ممکن ہوئی ہے۔ ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں قبضہ مافیا، منشیات فروشی اور اسلحہ کی نمائش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کریک ڈان جاری ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے تفتیشی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور افسران کے درمیان باہمی رابطہ مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔آئی جی اسلام آباد نے چیف ٹریفک آفیسر حمزہ ہمایوں کے ہمراہ ریڈ زون چیک پوسٹس کا دورہ بھی کیا، داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران کو ہدایت دی کہ شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کریں۔