بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لینڈ ریونیو کا اجلاس،ریونیو ایکٹ 1967 میں ترمیم پر تفصیلی غور کیا گیا

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لینڈ ریونیو کا اجلاس چیئرمین کمیٹی زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین اصغر علی ترین، مولوی نوراللہ، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمن اور ممبر بورڈ آف ریونیو نصراللہ ترین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بلوچستان لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 میں ترمیم پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ترمیم کا مقصد صوبے کے ڈویژن، اضلاع اور ذیلی ڈویژنوں کے ناموں کی تبدیلی کے عمل کو قانونی، شفاف اور حکومتی منظوری کے تحت لانا ہے ترمیمی شق کے مطابق کسی بھی نام کی تبدیلی کے لیے بورڈ آف ریونیو کی سفارش اور حکومت (کابینہ) کی منظوری لازمی ہوگی، جبکہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔ کمیٹی نے بل کا جائزہ مکمل کرکے اپنی رپورٹ مرتب کی، جو آئندہ اجلاس میں مزید کارروائی کے لیے پیش کی جائے گی۔