ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز 2025، آریانا گرانڈے کا راج، لیڈی گاگا اور سبریانا کارپنٹر کو بڑی کامیابیاں

پیر 8 ستمبر 2025 17:57

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) نیویارک میں منعقد ہونے والے ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز 2025 میں اس سال کی سب سے بڑی کامیابی معروف پاپ گلوکارہ آریانا گرانڈے کے حصے میں آئی، جنہیں اپنے گانے "برائٹر ڈیز اے ہیڈ"پر ویڈیو آف دی ایئر کا اعزاز ملا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فن ان کے لیے بچپن سے ایک محفوظ جگہ رہا ہے، اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ وہ آج بھی اسی دنیا سے جڑی ہوئی ہیں۔

آریانا نے بیسٹ پاپ ایوارڈ بھی جیتا اور اپنے والد کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پہلی بار ان کے میوزک ویڈیو میں اداکاری کی۔ ایوارڈ تقریب کا آغاز اس اعلان سے ہوا کہ لیڈی گاگا کو آرٹسٹ آف دی ایئر قرار دیا گیا، جس میں انہوں نے ٹیلر سوئفٹ اور بیونسے کو پیچھے چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

گاگا نے اس جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک فنکار کے طور پر پہچانے جانا ہی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

انہیں برونو مارز کے ساتھ مشترکہ گانے "ڈائی ود اے سمائل "پر بیسٹ کولیبوریشن کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔اس موقع پر سبریانا کارپنٹر نے اپنے البم "شارٹ اینڈ سویٹ "پر بیسٹ البم کا ایوارڈ جیتا، جب کہ برونو مارز اور "کے پاپ "اسٹار روزے کے اشتراک سے بننے والے گانے"اے پی ٹی" کو سانگ آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ روزے نے یہ ایوارڈ اپنی 16 سالہ خودی کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ان سب کے لیے ہے جو اپنے خوابوں کو سچ کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔

تقریب میں اوزی اوسبورن کو ایک خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا، جس میں یونگ بلڈ، اسٹیون ٹائلر، اور جو پیری نے پرفارم کیا۔ اس کے علاوہ ماریا کیری کو ان کی طویل فنی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا، جنہوں نے میوزک ویڈیوز کو تخیل کی چھوٹی فلمیں قرار دیا۔ایوارڈ شو میں دیگر نمایاں اعزازات میں فوک-پاپ گلوکار الیکس وارن کو بیسٹ نیو آرٹسٹ کا ٹائٹل دیا گیا۔واضح رہے 1984 سے جاری ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز اپنی یادگار تقاریب، دلکش پرفارمنسز، اور چونکا دینے والے لمحوں کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہیں، اور اس سال کی تقریب بھی ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ناظرین کو ایک شاندار تجربہ فراہم کرنے میں کامیاب رہی۔

متعلقہ عنوان :