آئندہ ایام میں ممکنہ سموگ پر کنٹرول کے لئے پیشگی اقدامات شروع کردیئے ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

منگل 9 ستمبر 2025 15:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمد نے کہا کہ آئندہ ایام میں موسم سرما کے دوران ممکنہ سموگ پر کنٹرول کے لئے پیشگی تدارکی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں پر واضح کیا جارہا ہے کہ دھان کی باقیات کو آگ لگانا غیر قانونی عمل ہے لہٰذا دھان کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات کو آگ لگانے والے کاشتکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات(مڈھوں اور پرالی)کو آگ ہرگز نہ لگائیں کیونکہ باقیات کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ کے علاوہ زمین میں موجود نامیاتی مادہ کو قابل تلافی نقصان پہنچتا ہے نیزدھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے دھواں سموگ کا باعث بنتا ہے جو ٹریفک حادثات اور انسانی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے کٹائی کی صورت میں دھان کے مڈھوں کی تلفی کے لئے روٹا ویٹر اور میشن سے کٹائی کی صورت میں ڈسک ہیرو کی مدد سے انہیں زمین میں ملادیں یا گہرا ہل چلا کر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ چھٹہ کرکے پانی لگادیں۔انہوں نے بتایا کہ دھان کے مڈھوں کو زمین میں ملانے سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :