تشدد اور نفرت کا پرچار کرنیوالوں کے ویزے منسوخ کریں گے، امریکا

یہ دیکھ کر دکھ ہوا کہ سوشل میڈیا پر بعض افراد کرک کے قتل کی ستائش کررہے ہیں، محکمہ خارجہ

ہفتہ 13 ستمبر 2025 14:45

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)امریکی محکمہ خارجہ نے قدامت پسند تجزیہ کار چارلی کرک کے قتل کے حوالے سے غیرملکیوں پر واضح کیا ہے کہ تشدد اور نفرت کا پرچار کرنیوالوں کے ویزے منسوخ کیے جاسکتے ہیں۔ امریکا کے نائب وزیر خارجہ کرس لینڈا کا کہنا تھا کہ غیرملکیوں کے سوشل میڈیا صفحات کی نگرانی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

کرس نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر دکھ ہوا کہ سوشل میڈیا پر بعض افراد اس قتل کی ستائش کررہے ہیں، اسکا جواز پیش کررہے ہیں یا اس کی شدت کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے عملے سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر مناسب کارروائی کرے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں نائب وزیر خارجہ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ غیرملکیوں کے ایسے تبصرے انکی توجہ میں لائیں تاکہ محکمہ خارجہ امریکی عوام کا تحفظ کرسکے۔