لاہور بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشنز جاری

گرومانگٹ روڈ پر مستقل اور عارضی تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 14:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشنز جاری ہے ، گرومانگٹ روڈ پر کامیاب آپریشن کے دوران مستقل اور عارضی تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے بلا امتیاز تجاوزات کے خاتمے کیلئے جامع ایکشن پلان کے تحت آخری تجاوزات کے خاتمے تک شہر بھر میں آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا، گرو مانگٹ روڈ پر آپریشن کے بعد سڑک ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کیلئے مکمل طور پر بحال کر دی گئی۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ تجاوزات مافیا کی سرکوبی کیلئے ضلعی انتظامیہ آہنی ہاتھوں سے نمٹے،تجاوزات دوبارہ قائم کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں آپریشنز کی خود نگرانی یقینی بنائیں، تجاوزات کے خاتمے کے بعد صفائی اور بحالی کا کام فوری مکمل کیا جائے، تجاوزات مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا، شہری تجاوزات کی نشاندہی کیلئے ڈی سی لاہور کنٹرول روم 03070002345 پر رابطہ کریں، شہری ڈی سی لاہور آفس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے مزید کہا کہ شہر سے تمام تجاوزات کا خاتمہ کرکے عوامی مقامات بحال کر رہے ہیں، آخری تجاوزات کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہمارا مشن جاری رہے گا، تجاوزات کے خاتمے سے لاہور کی تاریخی خوبصورتی مزید نمایاں ہو رہی ہے، قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔