سوات کی خوشحالی اور ترقی کے حوالے سے منصوبوں کی منظوری کے سلسلے میں اجلاس

پیر 15 ستمبر 2025 22:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) سوات کی خوشحالی اور ترقی کے حوالے سے منصوبوں کی منظوری کے سلسلے میں اجلاس ڈپٹی کمشنرکے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات سید نعمان علی شاہ، رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 9سلطان روم، رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 10، سینئر پلاننگ آفیسر سوات خورشید علی، پلاننگ آفیسر سوات فیضان خان اور منتخب نمائندہ گان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات نے اجلاس کے شرکاء کو جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور ان کے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران شرکاء کی جانب سے دی گئی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا گیا اور آئندہ کے لیے مربوط لائحہ عمل طے کیا گیا تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مفاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت اور معیار کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ضلع سوات کو مزید خوشحال اور ترقی یافتہ بنایا جا سکے۔