کانسٹیبل منظور احمد کی خدمات کے اعتراف میں غازی میڈل عطا

پیر 15 ستمبر 2025 21:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی عدالت کے باہر فرائض سرانجام دینے والے پولیس اہلکار کانسٹیبل منظور احمد کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں غازی میڈل سے نوازا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے خصوصی تقریب میں کانسٹیبل منظور احمد کو یہ اعزاز پیش کیا۔ اس موقع پر کانسٹیبل منظور احمد کا بیٹا طلعت منظور بھی اپنے والد کی خوشی میں شریک رہا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر وکلاء اور لاء افسران نے کانسٹیبل منظور احمد کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عدالتی افسران اور وکلاء کا کہنا تھا کہ منظور احمد جیسے بہادر اور فرض شناس اہلکار پولیس فورس کا فخر ہیں، جنہوں نے ہمیشہ ایمانداری، دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے۔پولیس افسران اور قانونی برادری نے کانسٹیبل منظور احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اہلکاروں کو ایوارڈ دینا نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے۔