ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات کی زیر صدارت بائی پاس کی تعمیر کیلئے درکار زمین کے حصول بارے اجلاس

پیر 15 ستمبر 2025 19:45

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)سوات محب اللہ خان یوسفزئی کی زیر صدارت خوازہ خیلہ بائی پاس کی تعمیر کے لیے درکار زمین کے حصول کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں موضع بانڈئی کے زمین مالکان اور پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے شرکت کی۔ اس موقع پر زمین کے حصول اور منصوبے کی تکمیل کے مختلف پہلوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکا نے اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں جن پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)سوات نے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ طویل مشاورت کے بعد ایک مشترکہ لائحہ عمل تجویز کیا گیا اور مزید غور و فکر کے لیے آئندہ اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)سوات نے اس موقع پر کہا کہ خوازہ خیلہ بائی پاس عوامی مفاد کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کے ذریعے نہ صرف ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے بلکہ مقامی آبادی کو بھی براہ راست فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سوات تمام فریقین کے تعاون سے منصوبے کو شفاف اور موثر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔

متعلقہ عنوان :