ڈپٹی کمشنر سوات کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بریکوٹ، سول ڈسپنسری نویکلے بریکوٹ ودیگر مراکز صحت کے دورے

عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ،مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،سلیم جان مروت

پیر 15 ستمبر 2025 19:45

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بریکوٹ، سول ڈسپنسری نویکلے بریکوٹ، سول ڈسپنسری امانکوٹ اور بنیادی مرکز صحت مانیار کا تفصیلی دورہ کیا جبکہ تحصیل بریکوٹ میں واقع ویٹرنری ہسپتال کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا براہ راست جائزہ لیا اور موقع پر ہی متعدد مسائل حل کروائے جبکہ دیرینہ مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بریکوٹ کے دورے کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ڈپٹی کمشنر سوات کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا اور صحت کی سہولیات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

مریضوں کی دیکھ بھال، ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، تاہم کچھ مسائل کی فوری نشاندہی کی گئی جن کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے گئے۔

اسی طرح، سول ڈسپنسری نویکلے بریکوٹ اور سول ڈسپنسری امانکوٹ کے دورے کے دوران ادویات کی دستیابی، مریضوں کی رجسٹریشن، اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے موقع پر بعض مسائل حل کیے اور متعلقہ حکام کو عوامی شکایات دور کرنے کی ہدایت کی۔بنیادی مرکز صحت مانیار کے دورے کے دوران ڈاکٹرز اور طبی عملے کی کارکردگی، ایمرجنسی سہولیات، اور بنیادی ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات نے انتظامیہ کو عوامی مفاد میں سہولیات کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :