wلاہور آرٹس کونسل الحمراء کے بورڈ آف گورنرز کا 78واں اجلاس

پیر 15 ستمبر 2025 20:10

wلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے بورڈ آف گورنرز کا 78واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین بورڈ آف گورنرز رضی احمدنے کی۔ اجلاس میں زبان و ادب، تہذیب و ثقافت اور قومی ورثے کی بقاء و فروغ کے لیے نئی راہیں تلاش کی گئیں۔اس موقع پر رضی احمد نے کہا کہ الحمراء صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ تہذیبی، فکری اور تخلیقی روایات کا نگہبان ہے،ہم اس ادارے کو ایک ایسا پلیٹ فارم بنا رہے ہیں جہاں زبان و ادب، فنونِ لطیفہ، اور قومی ورثے کی روشنی آئندہ نسلوں تک منتقل ہو، بورڈ آف گورنرز کا ہر اجلاس ہماری فکری سمت کو مزید واضح کرتا ہے اور ہم سب کی مشترکہ دانش اس ادارے کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے،ہم تخلیق، تنوع اور جدیدیت کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے الحمراء کو عالمی سطح کے ثقافتی مرکز میں ڈھالنے کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں الحمراء کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں، انٹرکولیجیٹ تھیٹر فیسٹیول، تھیٹر فیسٹیول اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سوشل میڈیا کو مزید مؤثر بنانے اور تخلیقی سوچ اوریوتھ کی فن و ثقافت میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کویقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء محمد محبوب عالم چوہدری اس موقع پر کہا کہ کسی بھی منصوبے کا آغاز اگر انتہائی سوچ بچار کے بعد کیا جائے، تو وہ منصوبہ زیادہ سے زیادہ ثمرآور نتائج کا باعث بنتا ہے،الحمراء اسی فکری سنجیدگی کو اپنائے ہوئے ہے۔

اجلاس میں بورڈ ممبران نعمان کبیر،ڈاکٹر ثمینہ نسیم، عمران قریشی،صوفیہ بیدار، سلیمہ ہاشمی، نیر علی دادا، حماد غزنوی،ڈاکٹر نیلم ناز، عباس تابش، قدسیہ رحیم، شاہد ندیم وفنانس ڈیپارٹمنٹ سے رافعہ ودیگر اراکین نے شرکت کی، اپنی قیمتی آرا پیش کیں جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا، سراہا گیااور ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔واضح رہے کہ لاہور آرٹس کونسل الحمرائاپنی زبان و ادب، تہذیب، تمدن، فن و ثقافت کا بیانیہ لے کر آگے بڑھ رہا ہے اور اپنی فکری و تخلیقی جڑوں کو مزید تقویت بخش رہا ہے۔

ادارہ ان روایات کو نوجوان نسل تک منتقل کرنے کے لیے جدید ذرائع استعمال کر رہا ہے، جس کے خاطر خواہ اور مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ الحمراء اسی رفتار، عزم اور وژن کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھے گا اور فن و ثقافت کے فروغ کے اس سفر کو مزید وسعت دیتا رہے گا