وزیراعظم کی امیرِقطر سے ملاقات، قریبی روابط برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے، مشرق وسطی میں اسرائیلی جارحیت فوری طور پر روکنا ہوگی، پاکستان ہر مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے؛ شیبازشریف کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 ستمبر 2025 11:19

وزیراعظم کی امیرِقطر سے ملاقات، قریبی روابط برقرار رکھنے اور دوطرفہ ..
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تميم بن حمد بن خليفة آل ثاني کی ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورت حال کے پیش نظر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی ملاقات ہوئی جہاں وزیراعظم نے دوحہ میں رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی، جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا، پاکستان کی طرف سے قطر کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا اور اپنے قطر کے گزشتہ ہفتہ کے دورے کا حوالہ بھی دیا۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان کی طرف سے وزیر دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور مشیر طارق فاطمی بھی شریک ہوئے، اس موقع پر امیر قطر نے سربراہ کانفرنس میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی اور بارہ ستمبر کو دوحہ آنے اور قطر سے اظہار یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے اور پاکستان ہر مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے، قطر پر اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، مشرق وسطی میں اسرائیلی جارحیت فوری طور پر روکنا ہوگی، اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں امت میں اتحاد ہونا انتہائی ضروری ہے، عرب اسلامی ممالک کے ہنگامی سربراہی اجلاس کو سراہتے ہیں، پاکستان مشرق وسطی کی بگڑتی صورتحال کے تناظر میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی قطر کی درخواست کی حمایت کرتا ہے، مستقبل میں پاکستان و قطر کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔