صوابی ،پولیس کی سوشل میڈیا پر گن کلچر کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری

پیر 15 ستمبر 2025 20:10

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)ضلع صوابی میں پولیس کی سوشل میڈیا پر گن کلچر کے خاتمے کیلئے کاروائیاں بدستور جاری ہے، اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی ضیا الدین احمدکی وضع کردہ ہدایات پر ضلعی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور گن کلچر کے خلاف کریک ڈاون مزید تیز کردیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ لاہور الطاف خان کی قیادت میں چوکی شیر آباد انچارج کاشف خان نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان شایان اور یحییٰ ساکنان مانکی تحصیل لاہور کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان نے اسلحہ نمائش کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر وائرل کی تھی،پولیس نے کارروائی کے دوران ویڈیو میں نمائش کیا جانے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔