سپریم کورٹ میں عمر قید کے مجرم ناظم کی سزا کیخلاف اپیل پر سماعت، فیصلہ محفوظ

پیر 15 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) سپریم کورٹ نے عمر قید کے مجرم ناظم کی سزا کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔سپریم کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے قتل کے مجرم ناظم کی عمر قید کی سزا کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ مجرم پر ڈوگروں کی زمین پر قبضہ کرنے کا الزام ہے، کیا مجرم بھی ڈوگر ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ مجرم چدھڑ برادری سے ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ مجرم ڈوگروں کی زمین پر کیسے قبضہ کر رہا تھا؟ جہاں ڈوگر ہو وہاں ویسے کوئی نہیں گزرتا، یہ قبضہ کر رہا تھا؟ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میرے موکل ناظم کو عدنان کے قتل میں غلط نامزد کیا گیا، فائرنگ دونوں فریقین کی طرف سے کی گئی، کیسے پتہ چلا کہ ناظم کا فائر عدنان کو لگا؟ پوسٹ مارٹم بھی تاخیر سے کرایا گیا، مدعی پارٹی کی اپنی فائرنگ سے عدنان قتل ہوا۔ مدعی وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مدعی اپنے اکیس سالہ پوتے کا قتل کیوں کرے گا؟ بعدازاں عدالت نے مجرم ناظم کی عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔