خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ حکام اور ایف اے او کے نمائندوں کا اجلاس

پیر 15 ستمبر 2025 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوا میں چائے کی پیداوار کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کے صوبائی دفتر کی سربراہ کیال اکمٹ بیک کی قیادت میں وفد نے خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پر بورڈ حکام اور ایف اے او کا اجلاس منعقد ہوا۔

وفد میں انٹرنیشنل ٹی ایکسپرٹ جان اسنیل اور نیشنل کنسلٹنٹس بھی شامل تھے۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم و سی ای او کے پی بی او آئی ٹی مسعود احمد اور وائس چیئرمین کے پی بی او آئی ٹی حسن مسعود کنور نے شرکت کی۔بورڈ کے دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں خیبر پختوپختونخوا میں چائے کی پیداوار کے لیے مجوزہ بزنس ماڈل اور جامع منصوبہ بندی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اس شعبے میں نجی سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پالیسی اصلاحات کی ضرورت اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔دونوں فریقوں نے چائے کے شعبے میں پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ تعاون، ویلیو چین ڈویلپمنٹ اور استعداد کار بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس کے اختتام پر کے پی بی او آئی ٹی اور ایف اے او کے مابین قریبی روابط برقرار رکھنے اور صوبے میں چائے کی تجارتی پیداوار سے متعلق منصوبوں کے مؤثر نفاذ اور اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔