چیمپئنزفٹ بال لیگ سے قبل پی ایس جی ٹیم کے کھلاڑیوں کو انجری مسائل کا سامنا

منگل 16 ستمبر 2025 10:00

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) چیمپئنز فٹ بال لیگ کے آغاز سے پہلےہی پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی)کی ٹیم کو انجری مسائل کا سامنا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یورپی چیمپئن پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی ٹیم نے آئندہ بدھ کو اٹلانٹا کے خلاف میچ سے یوئیفا چیمپئنز لیگ 2025-26 میں اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے مہم کا آغاز کرنا ہے،مگر ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑی اس وقت انجری مسائل کا شکار ہیں جو کہ ٹیم کوچ لوئس انریکے کے لیے پریشانیوں میں اضافہ کا باعث ہے۔

پی ایس جی نے گزشتہ سیزن کے فائنل میں انٹر میلان کو 0-5 سے شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی، تاہم ایک طویل اور تھکا دینے والے سیزن کے بعد اب کھلاڑیوں کو انجریز کا سامنا ہے۔گزشتہ سیزن میں پی ایس جی نے 11 ماہ کے دوران 65 میچز کھیلے، جن میں 17 چیمپئنز لیگ اور 7 کلب ورلڈ کپ کے میچز شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس طویل مہم کا اختتام جولائی میں چیلسی کے ہاتھوں 0-3 کی شکست سے ہوا تھا۔

تھوڑے ہی وقفے کے بعد ٹیم نے دوبارہ تربیت کا آغاز کیا اور یورپی سپر کپ میں ٹوٹنہم کے خلاف پنالٹی پر کامیابی حاصل کی۔ حالانکہ پی ایس جی نے لیگ ون کے ابتدائی چاروں میچز جیت لیے ہیں، مگر انجری مسائل نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔عثمان ڈیمبیلے اور دیزائر ڈوئے فرانس کی نمائندگی کرتے ہوئے پٹھوں کی انجری کا شکار ہو کر کئی ہفتوں کے لیے کھیل سے باہر ہو چکے ہیں، جبکہ خویچا کواراتسخیلیا، لی کانگ اِن اور لوکاس بیرالڈو بھی گزشتہ میچ میں لینس کے خلاف 0-2 کی فتح کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

پی ایس جی ٹیم کوچ لوئس انریکے نے کہا ہے کہ یہ سب ٹیموں کے ساتھ ہوتا ہے، ہمارے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے کیونکہ بہت سے کھلاڑی انجری کا شکار ہیں۔ تاہم میں پُر سکون ہوں اور پُرامید ہوں کہ ہم اس مرحلے سے گزر جائیں گے۔پی ایس جی گروپ سٹیج میں بایرن میونخ، ٹوٹنہم، نیوکیسل جیسی بڑی ٹیموں سے بھی مقابلہ کرے گی، جبکہ آنے والے ہفتوں میں بارسلونا، بائر لیورکوزن، ایتھلیٹک بلباؤ اور سپورٹنگ لزبن جیسے سخت مقابلے بھی منتظر ہیں۔اگرچہ گزشتہ سیزن میں گروپ مرحلے میں تین میچ ہارنے کے باوجود پی ایس جی نے پہلی بار چیمپئنز لیگ جیتی تھی، مگر اس بار مسلسل دباؤ اور انجری بحران ٹیم کے لیے بڑا چیلنج بن سکتے ہیں۔\932

متعلقہ عنوان :