Live Updates

آئی سی سی بھارت کا نوکرہے، توصیف احمد کا سخت ردعمل

منگل 16 ستمبر 2025 12:39

آئی سی سی بھارت کا نوکرہے، توصیف احمد کا سخت ردعمل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) ایشیا کپ میں بھارتی کھلاڑیوں کے پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ نہ ملانے پر توصیف احمد نے سخت ردعمل دیا ہے۔ایشیا کپ میں گزشتہ روز ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کو شکست ہوئی۔ تاہم اس میچ میں بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ نہ ملانے پر پاکستان سمیت دیگر ممالک کے سابق کرکٹرز نے اس کو بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا ہے۔

سابق قومی کرکٹر توصیف احمد نے آئی سی سی کو بھارت کا نوکر قرار دیتے ہوئے پی سی بی کے میچ ریفری تبدیل نہ کرنے تک ایشیا کپ کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلے کو بالکل درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب یہ فیصلہ کر لیا ہے تو اس پر قائم رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

توصیف احمد کا کہنا تھا کہ میچ ریفری آئی سی سی کا نمائندہ ہوتا ہے نہ کہ کسی حکومت یا بورڈ کا ترجمان جو ان کے پیغامات پر گراؤنڈ میں عملدرآمد کرائے۔

وہ یہ کہنے کا مجاز نہیں کہ کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملائیں۔سابق اسپنر کا کہنا تھا کہ ہم تو کھیل کو سیاست سے آلودہ نہیں کرتے اور کرکٹ کو جاری رکھنا چاہتے ہیں، لیکن جب بھی متنازع بات آئی ہے وہ بھارت کی طرف سے آتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے کہ آئی سی سی ہر معاملے میں بھارت کو سپورٹ کرتا اور پاکستان کو نظر انداز کرتا ہے۔

ایشیا کپ میں شریک ٹیمیں اس معاملے پر خاموش نہ رہیں بلکہ انہیں بھی اس پر آواز اٹھانی چاہیے۔توصیف احمد نے یہ بھی کہا کہ رافیل طیارے پاکستانی کرکٹرز نے نہیں بلکہ ہماری فوج نے گرائے تھے۔ اس معاملے کا کرکٹرز سے کیا لینا دینا۔ بھارتی کپتان نے آکر جو بات کہی اس سے لگتا تھا کہ اس کو پوری طرح تیار کر کے بھیجا گیا ہے۔ سنجے منجریکر کو اس وقت ہی سوریا کمار کے ہاتھ سے مائیک لے لینا چاہیے تھا، لیکن یہاں تو سب کی ملی بھگت چل رہی ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات