تربیتی پروگرامز ملازمین کی استعداد کار بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،جنرل منیجر آپریشن فیسکو

منگل 16 ستمبر 2025 13:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) تربیتی پروگرام ملازمین کی استعداد کار بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔یہ باتیں جنرل منیجر آپریشن فیسکو انجینئر عمر حیات گوندل نے واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی فیصل آباد میں اپر ٹیکنیکل سب آرڈینیٹ سٹاف (پری پروموشن) کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کورس مکمل کرنے والے شرکا کو مبارکباد پیش کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ انجام دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی فیصل آباد میں منعقدہ یہ کورس ادارے کے تربیتی پروگراموں میں ایک اہم سنگ میل ہیں جو افسران و ملازمین کو جدید تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتیں بڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

کورس میں فیسکو(فیصل آباد)، گیپکو(گوجرانوالہ)،ہیزکو(ہزارہ)، آئیسکو(اسلام آباد)، لیسکو(لاہور)، میپکو(ملتان)اور پیسکو(پشاور)سے تعلق رکھنے والے 38ملازمین نے شرکت کی۔پیسکو کے ظہورالرحمان ایل ایس ون نے پہلی، فیسکو کے محمد ساجد ایل ایس ون اور آئیسکو کے عدیل مشتاق ایس ایس او ون نے مشترکہ طور پر دوسری جبکہ میپکو کے لیاقت علی ایس ایس اوفرسٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پرمہمانِ خصوصی جنرل منیجر (آپریشن) فیسکوعمر حیات گوندل نے کورس کے شرکا کوسرٹیفکیٹس اور شیلڈز پیش کیں۔