Live Updates

تحصیل رائے ونڈ میں 35ہزار سیلاب متاثرین،5ہزار سے زائد سیلاب متاثرین نے فلڈ کیمپوں میں پناہ لی‘ذوہیب ممتاز گوندل

دوہزار سے زائد افراد واپس اپنے گھروں میں چلے گئے ،متاثرین کے نقصانات کے ازالہ کیلئے سروے کا آغاز کردیا گیا ہے‘اسسٹنٹ کمشنر

منگل 16 ستمبر 2025 14:22

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)تحصیل رائے ونڈ میں 35ہزار سیلاب متاثرین،5ہزار سے زائد سیلاب متاثرین نے فلڈ کیمپوں میں پناہ لی،دوہزار سے زائد افراد واپس اپنے گھروں میں چلے گئے ہیں،وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر متاثرین کے نقصانات کے ازالہ کیلئے سروے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ ذوہیب ممتاز گوندل نے ’’این این آئی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ تحصیل رائے ونڈ کے فلڈ کیمپ مراکہ اور مانگا منڈی سے تمام متاثرین کی اپنے علاقوں میں واپسی ہوگئی ہے جبکہ چوہنگ فلڈسنٹر میں اس وقت تین ہزار کے قریب متاثرین موجود ہیں جیسے تھیم پارک اور ملحقہ علاقوں سے پانی کا اخراج ہوگا،انکو واپس بھیج دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر ذوہیب ممتاز گوندل نے مزید بتایا کہ بیس ہزار افراد کو انکو گھروں میں واپس منتقل کرنے کیلئے حکومتی تمام محکمہ جات نے اپنا کردار ادا کیا ہے بالخصوص ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیم نے متاثرین کے گھروں کو واشر کے ذریعے دھو کر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات مکمل کرکے انہیں گھروں میں شفٹ کیا ہے جس پر انکو شاباش دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل رائے ونڈ کے متاثرین سیلاب کو مشکلات کے ان ایام میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں حکومتی اداروں نے انہیں تنہا نہیں چھوڑا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے ٹیم متاثرہ علاقوں میں موجود ہے جس میں محکمہ زراعت،لائیو سٹاک،بلڈنگ اور دیگر ادارے موجود ہیں جو متاثرین کے نقصانات پر مفصل رپورٹ تیار کررہے ہیں تاکہ حکومت کی جانب سے متاثرین کی بحالی اور بہترین مالی امداد کا انتظام کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھیم پارک میں اس وقت 17ڈی واٹرنگ پمپ لگا ئے گئے ہیں جو نکاس آب کے لئے کام کررہے ہیں،آرٹیفیشل چینل کے ذریعے تھیم پارک سے دریائے راوی میں پانی ڈالا جارہا ہے،اے سی رائے ونڈ کے مطابق ایک ہفتے میں تحصیل رائے ونڈ کے تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل مکمل کرکے لوگوں کو انکے گھروں میں منتقل کردیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات