سکول وینز ،رکشوں میں حد سے زیادہ بچوں کو بٹھانے پر فوری کارروائی کا حکم

منگل 16 ستمبر 2025 14:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے سکول وینز اور رکشوں میں حد سے زیادہ بچوں کو بٹھانے پر سی ٹی او کا فوری کارروائی کا حکم دیدیا ۔ وزیر اعلی کے حکم پر سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی جانب سے شہر بھر میں اوورلوڈنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور سی ٹی او لاہور نے تمام ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے رکھا ہے ۔

سی ٹی او اطہر وحید نے حکم دیا ہے کہ سکول وینز اور رکشوں میں تعداد سے زیادہ بچوں کو سوار کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے،معصوم بچوں کی زندگیوں کو اوورلوڈنگ کی بھینٹ چڑھنے نہیں دیا جاسکتا ہر ممکنہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا ایجوکیشن ونگ مختلف تعلیمی اداروں کے باہر وین ڈرائیورز کو باقاعدہ ہدایات جاری کر رہا ہے ،تعلیمی اداروں کے باہر حاضری اور چھٹی کے اوقات میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ ٹریفک کا بہاو متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے حکم دیا ہے کہ گاڑیوں کی چھتوں اور پائیدانوں پر کھڑے ہو کر سفر کرنے کی قطعی اجازت نہیں ایسی گاڑی کے خلاف فوری کارروائی کریں،گاڑیوں کے باہر حد سے تجاوز کرتا ہوا سامان جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے ایسی گاڑیوں کے ڈرائیورز پر ایف آئی آر درج کی جائے۔ چالان کرنا ہی ہر مسئلے کا حل نہیں شہریوں کو اب سمجھنا ھوگا کہ قانون کی پاسداری ہی زندگی کی حفاظت ہے۔