وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا یورالوجی ہسپتال مین مری روڈ کا اچانک دورہ

منگل 16 ستمبر 2025 16:29

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا  یورالوجی ہسپتال مین مری روڈ کا ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے گزشتہ روز یورالوجی ہسپتال مین مری روڈ کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کے علاج معالجہ سمیت ہسپتال کی عمارت اور دیگر سہولیات اور انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذوالفقار علی خان نے وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کو بریفنگ دی۔راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ ہسپتال ابتدائی طور پر 50 بیڈز کے ساتھ آپریشنل ہے ، آر آئی یو ٹی میں گردوں کے علاج کے لیے 8 شعبہ جات ہیں۔

او بی ڈی،ایمرجنسی،الٹراساؤنڈ کے شعبہ جات مکمل طور پر فعال ہیں،30 جدید مشینوں کے ذریعے بیک وقت 30 افراد کے ڈائلسز کی سہولت بھی موجود ہے ، گردوں کے مرض میں مبتلا راولپنڈی اور گرد نوا ح کے مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ اب انہیں ڈائلیسز کے لیے طویل انتظار کرنا پڑے گا اور نہ ہی دیگر ہسپتالوں میں دھکے کھانا پڑیں گے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجیکل ڈائلسز سینٹر میں روزانہ اوسطا سو مریضوں کو ڈائلسز کی سروس فراہم کی جا سکتی ہے دیگر ہسپتالوں کی ویٹنگ لسٹ میں طویل عرصہ انتظار کرنے والے مریضوں نے بھی سہولت پر سکھ کا سانس لیا ہے،پانچ ارب روپے سے زائد مالیت کے پراجیکٹ کی عمارت کا 99 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ آر آئی یو ہسپتال میں لتھرو ٹرپسی کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے اور ایمرجنسی کے لیے 30 بستر بھی موجود ہیں ۔راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی میں فعال ہونے والا گردوں کا ڈائلسز سینٹر مریضوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔