Live Updates

سیلاب کے باعث 36انچ گیس پائپ لائن متاثر ہونے کا خدشہ

گیس کی ترسیل متوازی پائپ لائنوں کے ذریعے جاری ہے، سیلاب کی صورتحال بہتر ہوتے ہی پائپ لائن سے گیس کی سپلائی شروع کردی جائے گی، ترجمان سوئی ناردرن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 ستمبر 2025 22:58

سیلاب کے باعث 36انچ گیس پائپ لائن متاثر ہونے کا خدشہ
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 ستمبر 2025ء ) ترجمان سوئی ناردرن کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث ملتان میں 36انچ گیس پائپ لائن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ میڈیا کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ گیس کی ترسیل متوازی پائپ لائنوں کے ذریعے جاری ہے، فی الحال کسی علاقے میں گیس کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔ سیلاب کی صورتحال بہتر ہوتے ہی پائپ لائن سے گیس کی سپلائی شروع کردی جائے گی۔

 
دوسری جانب دریائے چناب اور ستلج میں غیر معمولی سیلاب کے باعث جنوبی پنجاب خصوصاً جلال پور پیر والا شہر کے اطراف حفاظتی پشتوں میں کئی مقامات پر شگاف پڑ گئے، جس سے موٹروے ایم۔فائیو کے متعدد اسٹرکچرز کو نقصان پہنچا۔ترجمان این ایچ اے کے مطابق سیلابی پانی کے دباؤ سے پانچ اسٹرکچرز مکمل جبکہ چار جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جانوروں کے لیے مختص گذرگاہوں میں پانی کے بہاؤ نے بھی موٹروے کے ڈھانچے کو متاثر کیا۔

تاہم موٹروے کے نیچے پانی کے بہاؤ کے لیے بنائے گئے پوائنٹس پر پانی کی روانی معمول کے مطابق ہے۔این ایچ اے متاثرہ ڈھانچوں کی مضبوطی کے لیے اسٹون پیچنگ اور دیگر بحالی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ 
مزید برآں سوئی ناردرن گیس یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے ملتان شہر کے متعدد علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گیس چوری اور غیر قانونی استعمال میں ملوث 3 صار فین کے کنکشنز منقطع کر دئے۔

متعدد علاقوں میں شکا یات پر 50 مشکوک میٹرز کی چیکنگ کی گئی۔ جس کے مطابق 01 میٹر غیر قانونی پتے پر نصب تھا جسے منقطع کر دیا گیا-02 مزید میٹرز جو صارفین کے قبضے میں تھے انہیں ریکور کر لیا گیا۔کمپنی ترجمان کے مطابق گیس چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اس قسم کی کاروائیاں جاری رہیں گی تاکہ صارفین کو بلا تعطل اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

دوسری جانب درآمدی لکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) گھریلو صارفین کو اوسطاً 65 فیصد مہنگی پڑے گی۔ ذرائع کے مطابق درآمدی ایل این جی کی اوسط قیمت 3ہزار 34روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملک میں مقامی گیس کی اوسط قیمت 1ہزار 836روپے 93پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ماہانہ ایل این جی کے 10کارگو درآمد کرتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ لکویفائیڈ نیچرل گیس کی درآمد ایک ارب مکعب فٹ یومیہ ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات