محکمہ مال کے اشتراک سے پلس پراجیکٹ کے تحت ضلع سرگودھا میں گھر گھر پارسل میپنگ سروے کا آغاز کر دیا گیا

منگل 16 ستمبر 2025 16:04

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) محکمہ مال کے اشتراک سے پلس پراجیکٹ کے تحت ضلع سرگودھا میں گھر گھر پارسل میپنگ سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے ، سروے کا مقصد مقامی آبادی اور املاک کا درست اور شفاف ریکارڈ مرتب کرنا اور اُسے جدید کمپیوٹرائزڈ نظام میں شامل کرنا ہے تاکہ عوام کو اراضی اور املاک سے متعلق تمام سہولیات آسان، شفاف اور بروقت فراہم کی جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) فہد محمود نے ضلع کونسل ہال میں تمام سروے ٹیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پلس پراجیکٹ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر املاک اور مکینوں کا ڈیٹا جمع کر رہی ہیں، یہ عمل مکمل طور پر مفت ہے اور اس سلسلے میں کسی شہری سے کوئی فیس یا معاوضہ وصول نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سروے کے ابتدائی خدوخال پر ٹیموں کو تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ یہ قومی سطح کا اہم منصوبہ ہے جسے شفافیت اور درستگی کے ساتھ مکمل کرنا سب کی مشترکہ ذُمہ داری ہے۔

اُنہوں نے سروے ٹیموں کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون کے ماحول میں اپنا کام سرانجام دیں تاکہ ہر شہری کو اعتماد ہو کہ اس کا ڈیٹا محفوظ اور درست انداز میں درج کیا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) فہد محمود نے کہا کہ یہ پلس پراجیکٹ عوامی سہولت کے لیے ایک اہم اقدام ہے جو مستقبل میں زمین و املاک سے متعلقہ مسائل کے شفاف حل میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نےمزید کہا کہ شہریوں کا تعاون ہی اس منصوبے کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر شیریں گُل، ماسٹر ٹرینر پلس پراجیکٹ (GIS) ایکسپرٹ کیوان حسن بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :