کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کی آپریشنل کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

منگل 16 ستمبر 2025 18:18

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کی آپریشنل کمیٹی کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر (ایم اینڈ ای) نے ہزارہ ڈویژن میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت،خامیوں اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر ہزارہ ڈویژن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام سکیموں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنا لازمی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کم لاگت مگر زیادہ عوامی فائدے والی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام حکومت کی نیک نیتی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کو سکیموں کے مقامات کے دورے کا پلان دیں اور ان سے فیڈبیک بھی حاصل کریں، ہر ضلع میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کا ماہانہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے اور معمولی،بڑے و سنگین نوعیت کے مسائل متعلقہ محکموں کے ساتھ بیٹھ کر حل کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ وہ سکیمیں جو 70 فیصد سے زائد مکمل ہو چکی ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔