سی ڈی اے ملازمین کا پلاٹس کی عدم منظوری پر احتجاج، دفاتر میں کام بند

منگل 16 ستمبر 2025 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے ملازمین ایک بار پھر اپنے حق کیلئے سڑکوں پر آ گئے۔ چئیرمین سی ڈی اے آفس کے باہر لیبر یونین اور مختلف ڈائریکٹریٹس کے ملازمین نے پلاٹس کی عدم منظوری کے خلاف شدید احتجاج کیا، جس کے باعث کئی دفاتر میں کام معطل رہا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے پلاٹوں کے حق کے منتظر ہیں، لیکن 2007 کے بعد سے اب تک بورڈ ممبران کی جانب سے ملازمین کے پلاٹس کی منظوری نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

احتجاج میں شریک ملازمین کا مؤقف تھا کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود اٴْنہیں ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔سی ڈی اے لیبر یونین کے رہنماؤں نے کہا کہ ملازمین کو پلاٹس کی فراہمی سی ڈی اے بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے، لیکن بورڈ متعدد بار یہ معاملہ مؤخر کرتا رہا ہے، جو ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہے۔احتجاجی ریلیوں کے دوران چئیرمین آفس کے باہر نعرے بازی کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ پلاٹوں کی منظوری میں تاخیر کا نوٹس لیا جائے اور ملازمین کو ان کا جائز حق فوری طور پر فراہم کیا جائے۔ملازمین نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔