لاہورہائیکورٹ نے بچوں کی سوشل میڈیا رسائی پر نوٹس لیا

منگل 16 ستمبر 2025 22:38

ٴْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) کم عمر بچوں کے فیس بک اور ٹک ٹاک استعمال پر پابندی کے لیے دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کرلی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے شہری اعظم علی بٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ بچوں کے سوشل میڈیا تک بلا روک ٹوک رسائی کی وجہ سے ان پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور پی ٹی اے کو درخواست دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصراحمد مرزا جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ فرانس سمیت کئی ممالک میں بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی پر پابندی عائد ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بیرون ممالک میں والدین کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کو محدود کر سکیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اگر پی ٹی اے کو کوئی درخواست دی گئی ہے تو اس کی اطلاع عدالت کو فراہم کی جائے۔ عدالت نے پنجاب حکومت کے لاء افسر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔