ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک /مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

منگل 16 ستمبر 2025 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک /مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہےتاہم خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب ، خطہ پوٹھوہار ،کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آندھی/جھکڑ چلنےاورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر ( کچے گھر/دیواریں ،بجلی کے کھمبے،بل بورڈز،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے،مسافروں اور سیاح حضرات سفر کے دوران محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ ساحلی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہاتاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں میر کھانی 63، دیر 24، پٹن 15، دیر( لوئر ) 06، کالام اور بالاکوٹ 03، کاکول 02، چترال 01، پنجاب میں مری 11، کشمیر میں مظفرآباد (سٹی 09، ایئرپورٹ 08)، راولاکوٹ 07، گڑھی دوپٹہ 3اورکوٹلی میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔منگل کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت تربت 42، دالبندین، نوکنڈی، سبی میں 41ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔