Live Updates

صفا کوئٹہ کی جانب سے ڈور ٹو ڈور کلیکشن کے آغاز سے شہر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی،کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ

منگل 16 ستمبر 2025 20:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صفا کوئٹہ کی جانب سے کچرے کی ڈور ٹو ڈور کلیکشن کے آغاز سے شہر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفا کوئٹہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ شہر کو صاف و شفاف بنانے کے منصوبے کو کامیاب بنایا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے صفا کوئٹہ پروجیکٹ کی جانب سے ڈور ٹو ڈور کلیکشن کے لیے موٹر سائیکل ٹرالیوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم ڈی صفا کوئٹہ دل نواز خان، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ میراللہ بادینی، ایم ڈی پی پی پی ڈاکٹر فیصل سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شاہ زیب خان کاکڑ نے کہا کہ صفا کوئٹہ کو شہریوں کے تحفظات اور خدشات دور کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ گلی محلوں میں کچرا پھینکنے کی بجائے اسے ایک جگہ جمع کریں اور صفائی عملے کے حوالے کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صفا کوئٹہ کی ذمہ داریاں بہت زیادہ ہیں اور انہیں اس چیلنج کو اپنی کارکردگی کے ذریعے پورا کرنا ہوگا۔ منفی تنقید پر توجہ دیے بغیر بہتر کام ہی مخالفین کا جواب ہے۔ڈپٹی کمشنر میراللہ بادینی نے کہا کہ صفا کوئٹہ کو گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف مواقع پر اہم ذمہ داریاں سونپی گئیں، جن میں عیدالاضحیٰ، محرم الحرام اور 12 ربیع الاول کے دوران خصوصی صفائی مہم شامل ہے، جسے عملے نے بہترین انداز میں سرانجام دیا۔

انہوں نے کہا کہ صفاء کوئٹہ کے عملے نے رات گئے تک خدمات انجام دیں اور عوامی خدشات کو کارکردگی کے ذریعے ختم کیا۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور صفا کوئٹہ پروجیکٹ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈور ٹو ڈور کلیکشن نہ صرف سڑکوں اور بازاروں کو صاف رکھنے کا ذریعہ ہے بلکہ اس سے گھروں تک رسائی، کوڑا کرکٹ کے مؤثر ٹھکانے اور ری سائیکلنگ کے عمل کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا، جس سے شہر میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات