یونین کونسل کوٹ درگئی میں نادرا سنٹرز کے قیام سے لوگوں کو شناختی کارڈ اور دیگر سہولیات کے حصول میں آسانی ہوگی، معاون خصوصی پیر مصور خان

بدھ 17 ستمبر 2025 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی، پیر مصور خان نے گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل نادرا خالد حمایت اللہ سےپشاور میں انکے دفتر میں ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے اپنے حلقہ نیابت پی کے 24 کی یونین کونسل کوٹ درگئی کے لوگوں کو شناختی کارڈ اور دیگر سہولیات کے حصول میں درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ دور افتادہ ہونے کے باعث کوٹ درگئی کے لوگوں کو شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر سہولیات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔پیر مصور خان نے یونین کونسل کوٹ درگئی میں نادرا سنٹر اور وہاں الگ پاسپورٹ کاؤنٹر کے قیام جبکہ تحصیل درگئی میں خواتین کے لیے علیحدہ نادرا سنٹر کے قیام کو بھی ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا تاکہ خواتین کو شناختی کارڈ کا حصول اور دیگر سہولیات آسانی سے میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ عوام کو مقامی سطح پر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نادرا نے معاونِ خصوصی کو یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ مقامات پر نادرا سنٹرز کے قیام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔