جناح ہائوس حملہ کیس،سزا یافتہ مجرم کی سزا معطلی کی درخواست پرسرکاری وکیل طلب

جمعرات 18 ستمبر 2025 15:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے جناح ہائوس حملہ کیس کے سزا یافتہ مجرم ارزم جنید کی سزا معطلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض پر سرکاری وکیل کو معاونت کے لیے طلب کر لیا۔جسٹس سید شہباز علی رضوی نے سانحہ نو مئی کے سزایافتہ مجرم ارزم جنید کی کیس کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراض پر سرکاری وکیل کو معاونت کے لیے طلب کر لیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک دفتری اعتراض برقرار ہے، اس صورت میں درخواست کی سماعت کیسے ممکن ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کا کہنا تھا کہ پہلے دفتری اعتراض پر دلائل واضح کیے جائیں، اس کے بعد اگلے مرحلے پر دستاویزات کی فراہمی کا معاملہ دیکھا جائے گا۔درخواست گزار کے وکیل جنید رزاق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو ملٹری عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں چھ سال قید کی سزا سنائی ہے، جبکہ وہ اس سزا کے حقدار نہیں۔ وکیل نے استدعا کی کہ عدالت سزا کو معطل کرتے ہوئے ملزم کی ضمانت منظور کرے۔عدالت نے اس موقع پر وکیل اور سرکاری وکیل کے دلائل سننے کے بعد دفتری اعتراض پر مزید وضاحت طلب کر لی اور قرار دیا کہ کیس کو آئندہ سماعت پر آگے بڑھایا جائے گا۔