برسیم چارے کی فصل کی بہترین پیداوار کے لیے بروقت کاشت کی جاے، ترجمان محکمہ زراعت پسرور

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:26

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت پسرور نے کسانوں کو برسیم کی کاشت اور دیکھ بھال کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی فراہم کی ہے۔ محکمہ کے ترجمان شعیب رسول کے مطابق برسیم چارے کی اہم فصل ہے اس لیے اس کی بہتر پیداوار مویشی پال حضرات کے لیے براہِ راست فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ برسیم کی کاشت کا بہترین وقت ستمبر اور اکتوبر ہے، زمین کی اچھی تیاری کے بعد دو سے تین مرتبہ ہل اور سہاگہ دینا ضروری ہے تاکہ نرم اور باریک زمین تیار ہو سکے۔

کاشت سے پہلے زمین میں گلی سڑی گوبر کی کھاد ڈالنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نےکہا کہ محکمہ کے مطابق اچھی پیداوار کے لیے منظور شدہ اقسام کے بیج کاشت کیے جائیں۔ بیج کی مقدار 12 سے 15 کلوگرام فی ایکڑ تجویز ہے جبکہ کاشت سے پہلے بیج کو فنگس کِلنر ادویات سے علاج کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برسیم کی فصل کو ابتدائی دنوں میں پانی کی خاص ضرورت ہوتی ہے۔

اس لیے پہلی آبپاشی بروقت کریں اور بعد میں موسم کے مطابق 12 سے 15 دن کے وقفے سے پانی لگاتے رہیں۔ انہوں نےکہا کہ محکمہ زراعت پسرور نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ برسیم کی فصل کا پہلاٹ کاٹ 60 دن کے بعد کریں تاکہ جڑیں مضبوط ہوں اور مزید کٹائیوں میں پیداوار بہتر مل سکے۔ اچھی دیکھ بھال کے ساتھ برسیم کی فصل سے 5 سے 6 مرتبہ کٹائیاں لی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان حضرات اگر برسیم کی کاشت اور پیداوار میں مزید رہنمائی چاہتے ہیں تو محکمہ زراعت پسرور کے فیلڈ سٹاف اور قریبی دفاتر سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :