کراچی،سپر ہائی وے سے 3 خواجہ سراؤں کی گولیاں لگی لاشیں برآمد

اتوار 21 ستمبر 2025 15:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)کراچی میں میمن گوٹھ کی حدود میں سپر ہائی وے سے 3 خواجہ سرائوں کی لاشیں ملی ہیں۔پولیس کے مطابق میمن گوٹھ تھانے کی حدود میں ناگوری گوٹھ میں سپر ہائی وے سے 3 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔پولیس کی بھاری نفری جائے واردات پر پہنچی، پولیس کے مطابق لاشیں سپر ہائی وے پر ایک ریسٹورنٹ کے قریب زمین پر پڑی تھیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مرنے والے خواجہ سرا ہیں جن کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے، پولیس نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ تینوں خواجہ سرا رات کسی تقریب میں گئے ہوں اور واپسی پر لفٹ کے لیے جائے واردات پر کھڑے ہوں تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی ہو۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے کسی گولی کا خول برآمد نہیں ہوا، اگر گولیوں کے خول نہیں ملے تو پوسٹ مارٹم رپورٹ میں نشاندہی ہوسکے گی کہ مقتولین کو کس بور کی پستول سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :