صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کینسر کے مریضوں کیلئے کوابلیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

پیر 22 ستمبر 2025 18:28

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کینسر کے مریضوں کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں کینسر کے مریضوں کیلئے کوابلیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا،جسکی صدارت صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کی۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمودخان نے اجلاس میں شرکت کی۔اس حوالے سے طبی ماہرین نے اپنی تجاویزاور آرا سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کینسرکے مریضوں کیلئے کوابلیشن ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے پر وزیراعلی مریم نوازکو خراج تحسین پیش کیا گیا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرمحمود ایاز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوابلیشن ٹیکنالوجی خاص طور پر ایسے مریضوں کیلئے کارآمد ہوگی جن کی بیماری کی تشخیص ابتدائی مراحل میں ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

میو ہسپتال لاہورمیں اس سہولت کیلئے خاص طور پر ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے،اس سلسلہ میں مریضوں کے مکمل ٹیسٹ کروانے کے بعد ماہرین کی کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ علاج سے مریض کو کتنا فائدہ ہوگا۔وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے کہاکہ میوہسپتال لاہور میں یہ مشین خاص طور پر جگر،پھیپھڑوں،گردوں اور چھاتی کے مخصوص قسم کے کینسرزکے مریضوں کیلئے انتہائی سود مندثابت ہوگی۔

صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کینسرکے مریضوں کیلئے کوابلیشن ٹیکنالوجی وزیراعلی پنجاب کا صحت دوست ویژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہا کہ اس پورے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی،سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا،سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق،ایڈیشنل سیکرٹری امیر محمد،ایڈیشنل سیکرٹری انور بریار،سی ای او میوہسپتال پروفیسر ہارون حامد،ایم ایس میوہسپتال ڈاکٹرعبدالمدبر ریحان،چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی ودیگر افسران نے شرکت کی۔