اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں تعلیمی معیار کو عالمی سطح پر لانے کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز

منگل 23 ستمبر 2025 21:28

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں تعلیمی معیار کو عالمی سطح پر لانے کے لیے کوالٹی انہاسمنٹ سیل کے زیر اہتمام واضح مقاصد اور نتیجہ خیز تعلیمی پروگرام ( آوٹ کم بیسڈ ایجوکیشن فریم ورک ) کے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا ہے ۔ اس سرگرمی کا مقصد جامعہ میں انٹرنیشنل کوالٹی ایجوکیشن کا نفاذ و اطلاق ہے ۔

پہلے روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے دو لیکچر دیئے اور نتائج وسط مقاصد پر مبنی تعلیمی پروگرام اور روایتی تدریس کا موازنہ کیا۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے معیارات اور عالمی رجحانات کے مطابق بامقصد طریقہ تدریس پر تفصیلی گفتگو کی۔ اپنے دوسرے لیکچر میں پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے درس و تدریس کے جدید رجحانات پر اظہارخیال کیا جن کا مقصد طلباء وطالبات کو واضح اور نتائج پر مبنی دیرپا تعلیم دینا ہے ۔

(جاری ہے)

تیسری نشست میں انجینئر ڈاکٹر شہاب احمد نیازی چیئرمین شعبہ الیکٹرونکس انجینئرنگ نے بلوم ٹیکسانومی اور آوٹ کم بیسڈ ایجوکیشن پر لیکچر دیا۔ ڈائریکٹر کوالٹی انہاسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر محمد اسداللہ مدنی نے کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایت پر منعقد کی گئی اس سرگرمی کا مقصد تعلیمی سیشن کے آغاز پر تمام ڈینز اور تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کو تدریس کے جدید طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے تاکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا تدریسی نظام جدید رجحانات کے مطابق تشکیل پا سکے اور طلباء وطالبات اعلی معیاری تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :