ملتان بورڈ انٹرمیڈیٹ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان، پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو اعزازات

جمعرات 18 ستمبر 2025 14:39

ملتان بورڈ انٹرمیڈیٹ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان، پوزیشن ہولڈرز ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) انٹرمیڈیٹ کے پہلے سالانہ امتحان 2025 کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا۔ ملتان تعلیمی بورڈ نے اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے نام بھی ظاہر کیے، جنہوں نے اپنی محنت، لگن اور اساتذہ کی رہنمائی سے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ امتحانی نتائج کے اعلان کے ساتھ ساتھ ایک پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان اور کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے خصوصی طور پر پوزیشن ہولڈرز سے ملاقات کی اور انہیں شیلڈز اور مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز کے والدین اور اساتذہ بھی موجود تھے، جنہوں نے اپنے بچوں اور شاگردوں کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ یہ شاندار نتائج نہ صرف طلبہ کی ذاتی محنت کا ثمر ہیں بلکہ والدین کی دعا اور اساتذہ کی بہترین رہنمائی کا نتیجہ بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جو مستقبل میں ملک کا نام روشن کریں گے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے تمام نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے شاندار اور روشن مستقبل کے لیے دعاگو ہیں۔ تقریب میں شریک والدین اور اساتذہ نے تعلیمی بورڈ کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی تقریبات طلبہ میں مزید اعتماد اور حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :