اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن كی کاشتکاروں کو دھان کی فصل پر محکمہ زراعت کے ماہرین کے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کرنے کی ہدایت

بدھ 24 ستمبر 2025 13:32

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت سمبڑیال صباتحسین نے کاشتکاروں کو دھان کی فصل پر محکمہ زراعت کے ماہرین کے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ کاشتکار دھان کی فصل کو زہروں سے پاک رکھنے کے لئے دھان پر ممنوعہ زہروں کا استعمال ہرگز نہ کریں اور ماہرین کے سفارش کردہ محفوظ زہروں کا استعمال کریں ۔

انہوں نے کہا کہ دھان کی فصل اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اس لئے کاشتکار اپنی فصل کو بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں سے بچانے کے لئے فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اوربوقت ضرورت مقامی زرعی ماہرین کی سفارشات پر محفوظ زہروں کا استعمال کریں۔انہوں نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ زہر کے استعمال اور فصل کی برداشت کے درمیان محکمانہ مشاورت سے مناسب وقفہ رکھیں تاکہ زہر کی باقیات جنس میں نہ پائی جائیں اورچاول زہروں کے اثرات سے محفوظ رہے۔